بھٹکل:29/اپریل(ایس اؤنیوز)تعلقہ کے ماوین کوروے گرام پنچایت حدود کے عوام کو پینے کا پانی ٹھیک طرح سے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے عوام نمکین اور گدلے پانی پینے پر مجبور ہوکر بیماریوں کے خوف سے پریشان حال تھے ، ان حالات میں کڈوین کٹا ڈیم سے پانی سپلائی کی سنجیدہ کوششیں رنگ لائیں اور ماوین کوروےعلاقہ کے لوگوں کو کڈوین کٹا ڈیم سے پینے کے پانی سپلائی کرنے والے قومی دیہی پینے کےپانی کے منصوبے کو گرام پنچایت کے صحن میں نلکے سے پانی بہا تے ہوئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے افتتاح کیا۔
اس کے بعد منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہاکہ علاقہ میں جب میں ضلع پنچایت انتخابات کا امیدوار تھا تو تبھی لوگوں نےپینے کے لئے پانی پوچھا تھا، علاقہ کے عوام سال کے 365دن بھی پینے کے لئے پانی کو ترستے رہتے ہیں،ضلع پنچایت کے 50لاکھ روپیوں کے لاگت سے شروع ہوا کام آخر میں قریب 4کروڑ کی لاگت سے مکمل ہواہے۔ ڈیم سے پانی ماوین کوروے پنچایت کو پہنچا ہے ، گھر گھر پہنچا نے کا کام باقی ہے ، اس کے لئے جو بھی تعاون چاہئے اس کو کرنےکے لئے تیار رہنے کی بات کہی۔
گذشتہ 4سالوں میں ترجیحات کی بنیاد پر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتارہاہوں ،حلقہ میں برجوں کی تعمیر کے لئے 200کروڑروپئے خرچ کئے گئے ہیں، سرکار کی طرف سے منظورشدہ امداد کو لے کر عملی منصوبہ کی تشکیل پر اکتفا کرنے سے مجھے اطمیناں حاصل نہیں ہوتاہے، اس گاؤں کی ترقی کے لئے جتنی امدادچاہئے اس کو ضلع نگراں کار وزیر دیش پانڈے اور وزیر اعلیٰ سدرامیا کے تعاون سے امداد حاصل کرنے کی بات کہی۔ اس موقع پر انہوں نےکہاکہ تعلقہ منڈلی، یلووڑی کوؤور ، مٹھلی، بیلکے سمیت جہاں بھی پینےکے پانی کو لے کر مسائل ہیں ان سب کے حل کے لئے ریاستی حکومت کے بہو گرام (زائد دیہات )نامی منصوبے کے تحت 250کروڑ روپیوں کی لاگت سے ایک بڑے پینے کے پانی کے منصوبے کو جاری کرتے ہوئے مستقل حل نکالےجانے کی بات کہی۔ ان تمام دیہات کو کڈوین کٹا ڈیم سے پانی سپلائی کیا جائے گا۔ ڈیم میں کیچڑ بھرا ہوا ہے ، اس کو نکال کرکے پانی کے ذخیرےمیں اضافہ کرنے کے لئے اقداما ت کئے جائیں گے۔ منصوبے کو ڈی پی آر کی طرف سے منظوری ملنے کی اطلاع دی۔
پروگرام کے شروع میں ماہی گیر لیڈر وسنت کھاروی نے بات کرتے ہوئے کہاکہ اگر منکال وئیدیا رکن اسمبلی نہ ہوتے تو ہمیں کبھی پینےکا پانی ملنا محال ہوتا۔ یہاں کی ترقی کے لئے انہوں نے ضد پر اڑکر کام کیا ہے جس کے لئے میں ان کی بھرپور ستائش کرتاہوں۔ ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، ماوین کوروے گرام پنچایت صدر کوسوما نائک، نائب صدر منجوناتھ کھاروی اور بلاک کانگریس صدر وٹھل نائک نے بھی خطاب کیا۔ بھٹکل ضلع پنچایت انجنئیر فیاض احمد نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ ڈائس پر تعلقہ پنچایت صدر ایشورنائک، وشنو دیواڑیگا، جالی پنچایت صدر عبدالرحیم شیخ وغیرہ موجود تھے۔ عوام کی طرف سے کونکنی کھاروی سماج کے صدر نارائن کھاروی، رمیش کھاروی نے تاثرات کا اظہار کیا۔ پنچایت عملہ راگھویندرا نے نظامت کی۔